لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینیٹ کی قرارداد کے آگے پیچھے کوئی بھی ہو الیکشن شیڈول پر عمل ہو گا، دوسری جماعتیں روئیں یا چیخیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے۔
لاہور میں انسداد دہشتگرد ی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سینیٹ میں قرارداد جو گزشتہ روز منظور ہوئی صرف اس کی ن لیگ نے مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو الیکشن کے دوران بیٹی کے ساتھ جیل بھیجا گیا، سازش کے تحت پہلے لاہور ہائی کورٹ گئے، پھر سینیٹ قرارداد کا ساتھ دیا، یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں اور باہر ڈھول پیٹتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ ڈھیل ان کو تب ملی جب 9 مئی کے دہشت گرد کو گڈ ٹو سی یو کہا گیا، 9 مئی کو پورے ملک کو جلانے کا کہا، پھر کہا کارکنوں نے یہ کیا، اب کارکن بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بیٹھ کر دھمکیاں دینا بند کرو، ان لوگوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے، پاکستان کے عوام کو الیکشن چاہئیں، صرف نواز شریف کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ملک 9 مئی نہیں 28 مئی والوں کے سپرد ہوگا، ریاست 9 مئی والوں کے چہرے جانتی ہے، 9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں، ہسپتالوں اور پولیس پر حملے کئے، 9 مئی والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مسلم لیگ ن الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے، پی ٹی آئی والے لاہور ہائی کورٹ گئے تاکہ الیکشن رک جائیں، جیب سے سائفر نکالتا ہے اور کہتا ہے محسن نقوی نے میری حکومت گرائی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے معیشت کو تباہ کیا، عوام کو بیروزگار کر دیا، روٹی مہنگی کی، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے شہباز شریف نے بچایا، آپ نے تو ڈیفالٹ کیا، گزشتہ روز پی ٹی آئی نے سینیٹ میں قرارداد کی حمایت کی، (ن) لیگ کو الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق 8 فروری کو فیصلہ چاہیے، فیصلہ پاکستان کے عوام کو کرنا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم اسمبلیوں کے باہر ڈرامے کرنے والے نہیں ہیں، نواز شریف نے جیسے پہلے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی ختم کی دوبارہ کریں گے، وہ خوشحالی اور ترقی کے دن واپس لائیں گے، ووٹ ایک بار پھر اچھے دن واپس لانے کیلئے دیا جائے، قائد ن لیگ پہلے کی طرح مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، عوام کیساتھ ملکر اس ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کے جلسوں کا اگلے ہفتے شیڈول طے ہو گا۔
Comments are closed.