جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کیلئے سینیٹ میں قرارداد جمع

اسلام آباد: 8 فروری 2024 کے عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کے لیے سینیٹ میں قرار داد جمع کرا دی گئی۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، مقررہ وقت پر الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی ذمے داری ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے اور 8 فروری کو الیکشن کی تاریخ مقرر کی جا چکی ہے،  سب جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، سینٹ سے الیکشن کے التوا سے متعلق منظور کردہ قرارداد کو کالعدم تصور کیا جائے۔ سینیٹ سے الیکشن التواء کی منظور کرائی گئی قرارداد غیرآئینی اور غیرجمہوری ہے، سینیٹ کو آئین کے خلاف کسی اقدام کا اختیار نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ نے الیکشن کے التوا سے متعلق فاٹا سے آزاد رکن دلاور خان کی پیش کردہ قرارداد منظور کی تھی، قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان بالا میں صرف 14 اراکین موجود تھے جس میں سے صرف مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ پی ٹی آئی کے سینیٹر گردیپ سنگھ اور پیپلز پارٹی کے بہرہ مند تنگی خاموش رہے، دونوں اراکین کو ان کی جماعتوں کی جانب سے کورم کی نشاندہی نہ کرنے پر شوکاز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

 

You might also like

Comments are closed.