اسلام آباد:ایوان بالا میں انتخابات ملتوی کروانے کے لیے منظور ہونے والی قرارداد کے بعد ارکان سینیٹ کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے التوا کی قرارداد سینیٹ سے منظور ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ قرارداد کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا جائے۔
سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست ایڈووکیٹ اشتیاق احمد راجا نے دائر کی ہے، جس میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ سینیٹ سے انتخابات ملتوی ہونے کی منظور کردہ قرارداد کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے پاس کرنے میں کردار ادا کرنے والے ارکان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے ان پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز ملک میں عام انتخابات ملتوی کروانے کے لیے سینیٹ میں ایک قرارداد پیش کی گئی، جسے منظور کرلیا گیا تھا۔
دریں اثنا سینیٹ میں قرارداد منظور ہونے کے خلاف جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ایک ایک قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ سے چور دروزے سے جو قرارداد پاس ہوئی وہ جمہوریت اور انتخابات پر حملہ ہے، سینیٹ کی بے توقیری کرکے اس کے چہرے پر سیاہی مل دی گئی ہے۔
Comments are closed.