جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف سائفر کیس کا ٹرائل روک دیا

 اسلام آباد: ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل روک دیا۔

 سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے 12 دسمبر کے حکم نامے کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل روک دیا جائے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ نوٹس جاری کررہے ہیں، اس کے بعد عدالت اس معاملے کو دیکھے گی۔

اس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ نکتہ یہ ہے کہ فرد جرم سے پہلے قانونی طریقہ کار مکمل نہیں کیا گیا، جج نے جس نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا وہ یکم دسمبر کا ہے اور سائفر ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ اب تک کتنے گواہان کے بیانات مکمل ہو چکے؟ وکیل نے بتایا کہ 27 گواہان میں سے 25 کے بیانات اور تین کی جرح مکمل ہوئی ہے۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نوٹس ہوں گے۔

عدالت نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا اور عمران خان کے وکیل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر سائفر ٹرائل سے متعلق تمام ضروری دستاویزات جمع کرائیں۔ دوران سماعت عدالت نے ان کیمرا ٹرائل پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ اوپن ٹرائل کا مطلب اوپن ہوتا ہے اس میں میڈیا اور پبلک کو آنے کی اجازت ہوتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ جو ان کیمرا ٹرائل ہے اس سے متعلق عدالت واضح احکامات دے چکی ہے کہ جیل ٹرائل کا مطلب ان کیمرا نہیں ہوتا بلکہ وہ اوپن ٹرائل بھی ہوسکتا ہے صرف فیملی اور چند لوگوں کے ساتھ اسے اوپن ٹرائل نہیں کہا جاسکتا۔

عدالت نے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے اسے 11 جنوری تک روک دیا۔ عدالت نے کہا کہ اس کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے تھے اس پر قانون سوالات ہیں جس کا عدالت 11 جنوری کو جائزہ لے گی۔

You might also like

Comments are closed.