جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

انتخابات ملتوی کرنے کا الزام پی ٹی آئی کی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، الیکشن کمیشن

Decision

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کی جانب سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق  الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے، جس میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر عائد کیے گئے الزامات چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہورہے اور اس حوالے سے   الیکشن کمیشن کے 8 فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، جس کے تحت ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کا تقرر اور ان کی تربیت بھی شروع کر دی تھی جو کہ الیکشن شیڈول کا اہم جزو ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی تربیت کا مقصد یہ تھا کہ شیڈول کا اعلان ہوتے ہی کاغذات نامزدگی کا اجرا اور درخواستیں وصول کی جاسکیں مگر پی ٹی آئی کی طرف سے ڈی آر اوز اور آر اوز کے تقرر کو چیلنج کیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر کمیشن نے غور کیا اور اس حوالے سے  جلد ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال میں الیکشن کمیشن کو کسی بھی طور ذمے دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے دن سے وقت پر انتخابات کے حامی ہیں،  جس پٹیشن پر حکم امتناع آیا ہے وہ معاملہ جلد ڈسپوز آف ہو سکتا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ریٹرننگ افسر جوڈیشل افسران اور عدلیہ سے لیں، سول ججز  یا سیشن ججز سے ریٹرننگ افسران لیے جائیں، چیف جسٹس سے اس معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں۔کل تک الیکشن شیڈول آنا چاہیے تھا، اب لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ  الیکشن میں التوا کا جواز  نہیں ہے۔

You might also like

Comments are closed.