واشنگٹن: امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیو ں کے خلاف امریکی بم استعمال کر رہا ہے۔ امریکہ نے اسرائیل کو 155 ایم ایم توپ خانے کے تقریبا 57 ہزار گولے بھی بھیجے ہیں، بارود کی اتنی ہی مقدار 24 فروری، 2022 کو یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے امریکہ نے یوکرین بھیجی تھی۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے علاقے جبالیہ میں امریکہ کی جانب سے اسرائیلی فوج کو فراہم کردہ بم میں سے ایک کے دھماکے سے 100 افراد مارے گئے تھے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکہ نے اسرائیلی فوج کو دو ہزار پانڈ بم بھیجے ہیں۔ یہ معلومات ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب بائیڈن انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وہ غزہ جنگ میں مرنے والے شہریوں کی تعداد کم سے کم رکھنے کی خواہاں ہے۔
جرنل کے مطابق سات اکتوبر کے حملوں کے بعد بنکر تباہ کرنے والے 100 سے زیادہ بم اسرائیل بھیجے گئے تھے، جن کے ساتھ بڑی مقدار میں گولہ بارود اور گولے بھی تھے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے تجزیے کے مطابق سی 17 فوجی طیاروں کے ذریعے واشنگٹن سے تل ابیب کو کروڑوں ڈالر مالیت کے فوجی سازوسامان کی منتقلی، امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو درپیش سفارتی مسائل کی عکاس ہے۔
Comments are closed.