جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سپریم جوڈیشل کونسل: جسٹس مظاہر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس مظاہر نقوی کو اظہار وجوہ کا تفصیلی نوٹس جاری کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری کیا۔ قبل ازیں جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف درخواست پر شکایت کنندہ کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کے ارکان کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں شکایت کنندہ اور جسٹس مظاہر نقوی کے دلائل کا بغور جائزہ لینے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔نوٹس اجلاس میں سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ 14 دن کے بعد جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف مزید کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس ایک چار کی اکثریت سے جاری کیا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے شوکاز جاری کرنے کے حق میں رائے دی جب کہ جسٹس اعجازالاحسن نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی حمایت نہیں کی۔

واضح رہے کہ جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی ہے۔

You might also like

Comments are closed.