جمعرات 17؍ربیع الثانی 1445ھ2؍نومبر2023ء

عام انتخابات 8 فروری کو ہونگے، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن میں اتفاق

اسلام آباد: ملک عام انتخابات 8 فروری کو منعقد کرنے کے حوالے سے صدر مملکت اور الیکشن کمیشن میں اتفاق ہوگیا۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے مابین ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024ء کو منعقد کرانے پر اتفاق ہوگیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی، جس میں عام انتخابات کے حوالے سے تاریخ پر اتفاق  کے لیے بات  چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں الیکشن کی تاریخ بتائے جانے کے بعد صدر مملکت کو بھی تحریری طور پر 11 فرور ی کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ تجویز کردی ہے، اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو باضابطہ خط ارسال کردیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج انتخابات کے انعقاد سے متعلق سماعت کے دوران حکم دیا تھا کہ صدر مملکت اور الیکشن کمیشن ملاقات کرکے انتخابات کی تاریخ سے متعلق معاملے پر مشاورت کریں، جس کے بعد ایوان صدر میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا، اٹارنی جنرل انور منصور، الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان اور ڈی جی لا نے ایک گھنٹے تک صدر مملکت سے انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کی۔

ایوان صدر میں ہونے  والی مشاورتی ملاقات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو ملک میں انتخابات کی تاریخ کے حتمی فیصلے کے لیے قانونی اور آئینی نکات کا جائزہ پیش کیا۔ اس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لیے 11 فروری کی تاریخ کو موزوں قرار دیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کے لیے 3 تاریخوں کی تجویز دی، جس میں  11 فروری کو موزوں قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لیے وقت  بھی مل جائے گا۔

بعد ازاں ایوان صدر نے اعلامیہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے درمیان ملاقات میں ملک میں عام انتخابات کے 8 فروری 2024ء کو انعقاد پر اتفاق ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن حکام اور صدر مملکت کے درمیان مشاورتی ملاقات سپریم کورٹ کے حکم پر  ہوئی تھی۔

اہم ملاقات کے بعد ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے 4 ارکان کے ساتھ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، جس میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ پر مشاورت کی گئی۔

صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا اور تفصیلی بحث کے بعد اجلاس نے متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا۔

دریں اثنا ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سرابرہی میں ارکان نے صدر پاکستان سے ایوان صدر میں میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی، جہاں  متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن 8 فروری بروز جمعرات منعقد ہوں گے ۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو تحریری طور پر11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کی اور چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط ارسال کر دیا تھا۔

You might also like

Comments are closed.