اتوار 6؍ربیع الثانی 1445ھ22؍اکتوبر 2023ء

مسلم ممالک اسرائیلی پروازوں کو اپنی ایئر اسپیس دینا بند کریں، نگراں وفاقی وزیر

اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد  نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک اسرائیل کی کمرشل پروازوں کو اپنی ایئر سپیس دینا فوری بند کریں، قرآن کے مطابق اہل ایمان ہی غالب ہونگے بشرطیکہ وہ مومن ہوں۔

نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ  جو بات قرآن کریم نے لکھ دی وہ حرف آخر ہے، قرآن کہتا ہے کہ جو لوگ اللہ کی زمین پر اسکا نظام قائم نہیں کرتے وہ ظالم، فاسق اور کافر ہیں۔

 انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کیلئے مسلم دنیا سے کوئی رہنما فلسطین نہیں پہنچا جبکہ دوسری جانب امریکی و برطانوی سربراہوں نے اسرائیل پہنچ کر انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

  انہوں نے سوال کیا کہ مسلمانوں کی مومنانہ غیرت کہاں گم ہو گئی ہے، آج بڑی طاقتیں  اسرائیل پہنچ کر اظہار یکجہتی کر رہی ہیں، یورپی یونین نے فلسطینی امداد کو فوری بند کرنے کا حکم جاری کیا، کیا غزہ کے بعد اسرائیلی جارحیت کا نشانہ کوئی اور ریاست ہے؟

 نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ نبی اکرم ۖ نے تعلیم دی تھی کہ ظالم کا ہاتھ روکا جائے اور مظلوم کی مدد کی جائے، غزہ میں 17 اسپتال بند ہو چکے ہیں باقیوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، اسلامی تعاون تنظیم  صرف مذمتی قراردادوں پر اکتفا نہ کرے بلکہ ایکمشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرے۔

You might also like

Comments are closed.