اتوار 28؍ربیع الاوّل 1445ھ15؍اکتوبر 2023ء

کراچی: اہلِ فلسطین و حماس سے یکجہتی کیلیے جماعت اسلامی کا فلسطین مارچ آج ہوگا

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت  اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں، خواتین و بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف اوراہل فلسطین اور تحریک مزاحمت حماس  سے یکجہتی اور اتحاد امت کے اظہار کے لیے  اتوار15اکتوبر کو3بجے سہ پہر شاہراہ فیصل پر عظیم الشان فلسطین مارچ  ہو گا۔

فلسطین مارچ میں شہر بھر سے لاکھوں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق  فلسطین مارچ سے خصوصی خطاب کریں گے۔  فلسطین مارچ  کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مین نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل پر قائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا۔ انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ضروری ہدایات دیں۔

دریں اثنا انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کراچی کے عوام،تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ جوق درجوق اپنی فیملی کے ہمراہ   فلسطین مارچ میں شریک ہوں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اہل کراچی  اسرائیل کی جارحیت،امریکا اسرائیل گٹھ جوڑ،قبلہ اوّل پر قبضے کی سازشوں و کوششوں کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد کے ساتھ بھر پور اظہارِ یکجہتی کریں۔   فلسطین مارچ  صرف کسی ایک جماعت کا مارچ نہیں بلکہ پوری امت کے احساسات و جذبات کا ترجمان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے۔قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ اسرائیل نے پوری امت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے اس کا جواب عالم اسلام کو اپنے اتحاد و یکجہتی سے دینا ہو گا۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ موجود ہ حالات میں پورے عالم اسلام کی جانب سے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ عالم اسلام کے اکثر حکمران اس چیلنج کے مقابلے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے اور مسلم عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کر نے کے بجائے غلامانہ اور معذرت خواہانہ رویہ اختیارکر رہے ہیں۔ان حالات میں فلسطین مارچ  انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس سے عالمی سطح پر پیغام جائے گا کہ حکمران خواہ کوئی بھی مؤقف اختیار کریں،مسلم عوام زندہ اور بیدار ہیں۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدرعامر سلیم نے حافظ نعیم الرحمن کی آمد کا خیر مقدم کیا اور دعوت کو قبول کرتے ہوئے  فلسطین مارچ  کو وقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے کہاکہ ہمارے دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ امت مسلمہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اتنی بمباری تو بہت بڑی جنگ میں بھی نہیں ہوتی۔ نہتے بچوں اور معصوموں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہم سب فلسطین کے مظلوم بائیوں کے ساتھ ہیں۔ ہم جماعت اسلامی کے مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے اور،ہماری تمام وکلا برادری اور عوام سے بھی شرکت کی اپیل ہے۔

جنرل سیکریٹری کراچی بار ایسوسی ایشن وقار عباسی نے کہاکہ ہم حافظ نعیم الرحمن کے شکر گزار ہیں انہوں نے مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ہمارا اخلاقی، مذہبی اور پیشہ ورانہ فرض ہے کہ شرکت کریں۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین،اسلامک لائرز موومنٹ کے عبد الصمد خٹک اورشاہد علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں فلسطین مارچ  میں لاکھوں مردو خواتین کی شر کت کی پیشِ نظربڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر سے آنے والے جلوسوں،ریلیوں اور قافلوں کی صورت میں شاہراہ فیصل پر پہنچیں گے۔ مین نرسری اسٹاپ پرموجود بالائی گزر گاہ کو اسٹیج بنایا جائے گا۔جہاں سے قائدین خطاب کریں گے۔شاہراہ فیصل پر سڑک کا ایک ٹریک مردوں اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص کیاگیاہے۔

فلسطین مارچ کی کوریج کے لیے قومی و بین الاقوامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے بڑی پریس گیلری بنائی گئی ہے،جب کہ سوشل میڈیا کے لیے بھی علیحدہ سے کیمپ لگایا گیا ہے۔

فلسطین مارچ  کی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں شہر بھر میں ہفتہ کے روز بھی درجنوں مقامات پر کیمپ لگائے گئے جہاں سے عوام کو  فلسطین مارچ  میں شر کت کی دعوت دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔

حافظ نعیم الرحمن نے بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاون،فائیواسٹار چورنگی اورحیدری میں قائم کیمپس کا دورہ کیا بھی کیا۔ اس موقع پرامیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد،امیر ضلع غربی مولانامدثر حسین انصاری،امیر ضلع وسطی سید وجیہ الحسن اوردیگر بھی موجود تھے۔

جماعت اسلامی کے مردو خواتین کارکنان اور ذمے داران ہفتے کے روز بھی سارا دن سر گرمِ عمل رہے۔عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش اور مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور امید ہے کہ فلسطین مارچ کراچی کے عوام کا تاریخی اور یادگار مارچ ثابت ہو گا۔

You might also like

Comments are closed.