اتوار 21؍ربیع الاول 1445ھ8؍اکتوبر 2023ء

بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف گورنر ہائوس پرجماعت اسلامی کا دھرنا جاری

کراچی:بجلی کے بلوں میں اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف گورنر ہائوس پرجماعت اسلامی کا دھرنا جاری ہے۔

جماعت اسلامی کا دھرنے کا آغاز جامع مسجد خضراء سے ہوا، جہاں سے شرکا نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں گورنر ہائوس تک پیدل مارچ کیا،جہاں پہلے ہی دھرنے کے انتظامات کیے گئے تھے۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قبلہ اول کے محافظوں نے اسرائیل میں گھس کر عظٰیم مزاحمت کی تاریخ رقم کی ہے جس پر ہم انہیں سلام پپیش کرتے ہیں۔سوئی ہوئی امت کو جگانے والوں نے پوری امت کا فرض کفایہ ادا کیا ہے،مجاہدین نے قابضوں اور ظالموں کو یہ سبق پڑھادیا ہے کہ زبردستی قبضہ کسی صورت جاری نہیں رہ سکتا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کے عوام بجلی ، پیٹرول قیمتوں اور مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں۔سیاسی پارٹیوں میں کوئی بھی عوام کے لیے اٹھنے کو تیار نہیں ہے۔تمام پارٹیاں آپس میں سر جوڑے بیٹھی ہوئی ہیں کہ اگلی باری کس کو دینی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ چترال کے پہاڑوں سے لے کر کراچی کے سمندر رتک امیرجماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پر احتجاج جاری ہے۔ پر امن اور پیہم مزاحمت ہی مسائل کے حل کا راستہ نکال سکتی ہے،حماس کے مجاہدین نے بتادیا کہ سیاسی مزاحمت اور بندوق کے ذریعے سے بھی مزاحمت کی جاسکتی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ملک پر 76 سال سے آمروں اور ڈکٹیروں اور نام نہاد جمہوری صورت پر حکمران طبقہ مسلط ہے ۔ مراعات یافتہ طبقہ وہ ہے جو امریکہ کی پشت پناہی اور ان کی خوشنودی کے ذریعے ہم پر حکمرانی کرتاہے۔یہ وہی حکمران ہیں جو ہمیں آئی ایم ایف کے سبق پڑھاتے ہیں اور خود عیاشیاں کرتے ہیں۔ہم ان حکمرانوں کے خلاف پر امن مزاحمت کریں گے جنہوں نے عوام کی زندگی مشکل کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر تنخواہ دار لوگوں پر ٹیکس لگایا جاتا ہے لیکن جاگیرداروں اور وڈٰیروں پر ٹیکس نہیں لگایا جاتا۔جاگیردار اور وڈیرے سندھیوں اور ہاریوں کا گلا دبا کر اسمبلیوں میں آتے ہیں۔ورلڈ بنک کا نظام نہیں چلے گا اور آئی ایم کی غلامی نہیں چلے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے معاہدے ظلم پر مبنی ہے۔9ہزار میگاواٹ بجلی ہم استعمال نہیں کرتے ہیں لیکن ان کے پیسے ادا کیے جاتے ہیں۔ آئی پی پیز میں ایک کمپنی نے سالانہ 28 ارب روپے کمائے جب کہ وہ کمپنی ہی بند ہے۔ گورنر ہاؤس کے الیکٹرک کی سہولت کاری کرتا ہے لیکن عوام کی ترجمانی نہیں کرتا۔ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرول،بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں،امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ساتھ مشاورت کریں گے اور طے کریں گے کہ دھرنا کتنے دن جاری رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے وڈیروں کے ہاتھوں کراچی کی گنتی کم کروائی۔کراچی کے عوام مسلم لیگ ن ، پیپپلزپارٹٰی اور ایم کیو ایم سے قومی انتخابات سے اپنا انتقام لیں گے۔کراچی بیدار ہوچکا ہے اور اب تحریک مزید آگے بڑھے گی۔

You might also like

Comments are closed.