اسلام آباد: سپریم کورٹ میں فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے 2017کے دھرنے سے متعلق فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت، تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن نے بھی اپنی اپنی درخواست واپس لے لی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3رکنی بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اٹارنی جنرل نے روسٹرم پر آ کر دلائل کا آغاز کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ شیخ رشید کے وکیل وزیر بن گئے ہیں تو اپنا متبادل مقرر کر کے جائیں، پہلے کچھ باتوں کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، یہ ریگولر بنچ ہے خصوصی بنچ نہیں، نظرثانی درخواستیں فوری مقرر ہوتی ہیں لیکن یہ چار سال مقرر نہ ہوئیں،چیف جسٹس نے کہا کہ فیصلہ دینے والے ایک جج ریٹائرڈ ہو چکے، اس لئے اس بنچ کے سامنے نہیں لگا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے استفسار کیا کہ آپ درخواست کیوں واپس لے رہے، کوئی وجہ ہے، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کوئی خاص وجہ نہیں ہے صرف نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاق اس کیس میں دفاع نہیں کرنا چاہتا،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ اب کیوں واپس لینا چاہتے ہیں، پہلے کہا گیا فیصلے میں غلطیاں ہیں، اب واپس لینے کی وجوہات تو بتائیں،اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ نظرثانی اپیل جب دائر کی گئی اس وقت حکومت اور تھی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے تحریری درخواست کیوں دائر نہیں کی، میں اپنا بیان دے رہا ہوں،وکیل پیمرا حافظ احسان نے کہا کہ میں بھی اپنی نظرثانی اپیل واپس لے رہا ہوں، چیف جسٹس نے کہا کہ کس کی ہدایات پر واپس لے رہے ہیں، یوٹیوب چینلز پر تبصرے کئے جاتے ہیں،دوران سماعت پی ٹی آئی نے بھی درخواست واپس لینے کی استدعا کر دی۔
وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کی درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے،چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ کو درخواست واپس لینے کا اختیار ہے؟ اگر آپ فریق بننا چاہتے ہیں تو عدالت آپ کو اجازت دے گی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ نہیں، ہم اس کیس میں فریق نہیں بننا چاہتے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پہلے کہا گیا تھا فیصلہ غلطیوں سے بھرا پڑا ہے، اب کیا فیصلے میں غلطیاں ختم ہوگئیں، کیا نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی کوئی وجہ ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ جو اتھارٹی میں رہ چکے، وہ ٹی وی اور یوٹیوب پر تقاریر کرتے ہیں، کہا جاتا ہے ہمیں سنا نہیں گیا، اب ہم سننے کیلئے بیٹھے ہیں، آ کر بتائیں، ہم پیمرا کی درخواست زیر التوا رکھیں گے، کل کوئی یہ نہ کہے ہمیں سنا نہیں گیا،شیخ رشید کی جانب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کی درخواست کی پیروی جاری رکھنے کی استدعا کی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے نیا وکیل کرنا ہے یا کور دلائل دینے ہیں، اسے آئندہ سماعت پر دے دینا،درخواست گزار اعجاز الحق کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے، ہم نے تو صرف آئی ایس آئی کی رپورٹ پر کہا تھا کچھ سیاستدانوں نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیئے، ہم نے کسی کا نام نہیں لیا، آپ نے خود سے اخذ کر لیا آپ کا ذکر ہے،چیف جسٹس نے اعجازالحق کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ آپ نے دھرنے کی حمایت نہیں کی، کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ آئی ایس آئی کی رپورٹ درست نہیں تھی، کوئی بیان حلفی دے دیں کہ آپ کا موقف درست ہے، اٹارنی جنرل صاحب آپ سمیت سب پر جرمانہ کیوں نہ کیا جائے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی وقت ضائع کیا گیا ملک کو بھی پریشان کئے رکھا، اب آپ سب آ کر کہہ رہے ہیں کہ درخواستیں واپس لینی ہیں، ہم تو بیٹھے ہوئے تھے کہ شاید ہم سے فیصلے میں کوئی غلطی ہوگئی ہو،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ ملک صاحب آپ جیسے سینئر آدمی سے یہ توقع نہیں تھی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کیا سارے اداروں نے یہ طے کر لیا ہے کہ جو فیصلے میں لکھا گیا وہ ٹھیک ہے، بنیادی حقوق کے تحفظ سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ ہم یہ درخواستیں زیر التوا رکھ لیتے ہیں، کسی نے کچھ کہنا ہے تو تحریری طور پر کہے، یہاں سب خاموش ہیں اور ٹی وی پر کہیں گے کہ ہمیں سنا نہیں گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب آپ نے یہ سوال کیوں نہیں اٹھایا کہ نظرثانی درخواستیں پہلے کیوں نہ لگیں، الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لکھیں ناں کہ ہمیں حکم آیا تھا کہ نظرثانی درخواست دائر کی تھی یہ بھی لکھیں کہ حکم کہاں سے آیا تھا، اگر آپ کہنا چاہتے ہیں کہ مٹی پائو، نظر انداز کرو تو وہ بھی لکھیں، 12مئی کو کتنے لوگ مرے تھے، کیا ہوا، اس پر بھی مٹی پائو؟ یہ کہنا ٹھیک نہیں ہوتا نئی حکومت یا پرانی حکومت، حکومت حکومت ہی رہتی ہے پارٹی جو بھی ہو۔
چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی سابقہ یا موجودہ نہیں ہوتا، یہ ادارہ ہے، ہر ایک کا احتساب ہونا چاہیے، ہم خود سے شروع کر سکتے ہیں، سب سچ بولنے سے اتنا کیوں ڈر رہے ہیں، چند کے علاوہ باقی سب درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد ہی ہونا چاہیے، چیف جسٹس نے کہا کہ بڑی دلچسپ بات ہے جنہیں نظرثانی دائر کرنا چاہیے تھی، انہوں نے نہیں کی،چیف جسٹس نے کہا کہ تحریک لبیک نے کوئی نظر ثانی دائر نہیں کی، فیصلہ تسلیم کیا، مرحوم خادم رضوی کی اس بات پر تعریف بنتی ہے، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، غلطیاں تسلیم کرنا بڑی بات ہے، پیمرا کو کہا گیا تھا کہ نظرثانی دائر کرنے یا بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہوا، پاکستان میں یہی چلتا ہے کہ حکم اوپر سے آیا ہے۔
Comments are closed.