اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی صارفین کے بل قسطوں میں لینے کا فیصلہ جلد کیا جائےگا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے، کرنسی کی غیرقانونی انڈسٹری پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا، غیرقانونی انویسٹمنٹ والے نقصان اٹھائیں گے، نگراں حکومت جتنے وقت کیلئے رہے گی بھرپور طریقے سے کام کرے گی، انتخابات کی تاریخ نگراں وزیراعظم نہیں دے سکتا۔
جمعہ کو میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ آج صوبائی وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور نگراں حکومت نے جو ہدایات دی تھیں ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا ہے، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کئے گئے اور ان پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ کے میکنزم پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ مالیاتی بحران میں مہنگائی، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں پسے عوام کو انتظامی مداخلت کے ذریعے جو بھی ریلیف ممکن ہو گا، دیا جائے گا اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومتی اقدامات نظر آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت ایک ماہ رہے یا ڈیڑھ ماہ یہ غیر اہم ہے، جتنے بھی وقت کیلئے نگراں حکومت رہے گی بھرپور طریقے سے کام کرے گی۔
Comments are closed.