منگل29؍ذوالحجہ 1444ھ18جولائی 2023ء

حکومت سود کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرے، سراج الحق کا مطالبہ

problems

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت 12اگست تک اپنی مدت کے اختتام سے قبل سود کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرے، انفرادی، صنعتی اور زرعی قرضوں پر سود کے بغیر اصل زر واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔

سراج الحق نے کہاکہ   پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے15مہینوں میں پی ٹی آئی کی لگائی مہنگائی، بے روزگاری کی آگ کو مزید بھڑکایا، عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کے وعدہ کے باوجود سود کے خاتمے کے لیے ایک قدم نہیں اٹھایا،  پی ڈی ایم کے سربراہ مذہبی شخصیت، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان میں شرح سود جنوبی ایشیا کے تمام ممالک سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ   ایسا نہ ہوا تو عوامی احتساب کے لیے تیار ہو جائے، حکمران جماعتیں استعماری ایجنڈے پر گامزن ہیں، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی معاشی، خارجہ اور داخلہ پالیسیوں میں یکسانیت ہے۔ حکمرانوں نے مل کر توشہ خانہ لوٹا، کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے، کشمیر کا سودا کیا اور ٹرانس جینڈر ایکٹ منظور کیا، ان کا ڈاکٹر عافیہ کو امریکی جیل سے واپس نہ لانے پر اتفاق ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کے دور میں خیبرپختونخوا تباہ ہوا، موجودہ حکومت نے صوبہ میں کرپشن کی مثالیں قائم کیں۔ پی ٹی آئی کے دورِ اقتدار میں فرانس میں توہین اسلام ہوئی، سفیر کی بے دخلی کا مطالبہ کیا گیا تو جواب آیا کہ ہماری معاشی مجبوریاں ہیں۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی ہوئی، سفیر نکالنے کا کہا گیا، بہانہ وہی پرانا تھا۔

انہو ں نے مزید کہا کہ   وفاقی وزیرخزانہ نے کراچی کانفرنس کے دوران علما کی موجودگی میں سود ختم کرنے کا وعدہ کیا، مہینے گزر گئے عمل درآمد نہ ہو سکا، اسی کانفرنس میں پی ڈی ایم کے سربراہ بھی مدعو تھے، علما نے ان سے اپیل کی کہ اپنی حکومت میں کم از کم سود کے خاتمے کا کارخیر سرانجام دے دیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  حکومت کی مدت چند ہفتے رہ گئی، سود 22فیصد ہے۔ 14ہزار ارب کے بجٹ میں سے  7303ارب سودی قرضوں کی ادائیگی کے لیے رکھا گیا ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی نے مہنگائی اور بدامنی کے خلاف ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کیے، اقتدار میں آ کر عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا، پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سود کے خلاف قانونی جنگ جیتی ہے، اس لعنت کے خاتمے کے لیے جلسے جلوس اور مظاہرے کیے، اسمبلیوں میں آواز اٹھائی مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ اب ایک ہی راستہ بچا ہے کہ قوم جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائے، اسی صورت ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آ سکتی ہے۔ سود خوروں سے امید نہیں کہ اسے ختم کریں گے، کرپٹ کرپشن اور ظالم ظلم کو بڑھاوا دیتے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.