پیر 22؍ذیقعد 1444ھ 12؍جون2023ء

سمندری طوفان بائپر جوائے میں مزید شدت آگئی، کراچی سے صرف 690 کلو میٹر کی دوری پر رہ گیا

کراچی : بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بائیپر جوائے مزید شدت اختیارکرگیا، اگلے 36گھنٹے انتہائی اہم ہیں، طوفان کراچی سے صرف 690 کلو میٹر کی دوری پر رہ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جہاں جہاں سے گزررہا ہے وہاں سمندری لہریں 30 سے 40 فٹ تک تک بلند ہورہی ہیں، طوفان گرد ہوائیں 180 سے 200 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

پی ڈی ایم کے مطابق بائپر جوائے طوفان کا رخ کراچی کی جانب ہے، سمندری طوفان شہر سے 690 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ ٹھٹھہ کے جنوب میں 670 اور اوماڑہ کے جنوب مشرق میں 720 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ البتہ طوفان 14 جون تک شمال کی سمت میں گامزن رہے گا، امکان ہے کہ 14 جون کو طوفان کا رخ جنوبی سندھ کیٹی بندر کی جانب ہوسکتا ہے۔ حکام کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 15 جون کو طوفان کیٹی بندر تا گجرات کے درمیان کسی جگہ ٹکرائے گا۔ حکام کے مطابق طوفان مزید 18سے 24 گھنٹوں کے دورن شمال اورشمال مشرق کی جانب بڑھے گا جبکہ 13 جون کی شام سے سندھ مکران کے ساحلی علاقوں میں تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں بھی متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے شہر قائد میں طوفان کے اثرات بھی نظر آنا شروع ہوجائیں گے کراچی میں ہیٹ اسٹروک کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ 13 جون سے 16 جون کے درمیان شہر قائد میں بارشیں بھی متوقع ہیں۔

دوسری جانب طوفان کے باعث کراچی کی بندرگاہوں پر آپریشن متاثرہونے کے پیش نظر کے پی ٹی حکام نے جہازوں اورپورٹ تنصیبات کی حفاظت کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کردیا،حکام کا کہنا ہے کہ 25ناٹیکل میل ہواں کی صورت میں شپنگ سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

You might also like

Comments are closed.