لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کا پورا ماحول زہر آلود ہو چکا ہے، سیاستدان ایک دوسرے کو تباہ کرنے کے راستے پر گامزن ہونے کی بجائے بہتری کی تدبیر اپنائیں، سیاسی جماعتیں مذاکرات کے لیے راضی نہ ہوئیں تو مایوسی کی تاریک رات طویل ہوجائے گی۔
سراج الحق نے کہاکہ سیاسی افراتفری سے معاشی بحران سنگین تر ہوگیا ہے، لڑائی جاری رہی تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، ملک میں جاری جنگ سے سارا نقصان غریب کا ہورہا ہے، جن کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا بھی ناممکن ہوگیا، اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ 75برسوں سے ملک پر ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا قبضہ ہے ، استحصالی اور طبقاتی نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں ۔باریوں اور منافقت کی سیاست کا خاتمہ بالخیر ہونے والا ہے، آنے والا کل اسلامی نظام کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام ووٹ کی طاقت سے ظالموں کا احتساب کریں، پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی ان کے مسائل کاحل نہیں ، عوام نے جرنیلوں کی حکومتوں کو بھی دیکھ لیا ، نام نہاد جمہوری ادوار بھی آزما لیے ، اب جماعت اسلامی روشنی و امید کی واحد کرن ہے۔ خواتین اسلامی تحریک کا اہم دستہ ہیں ، دین کی اشاعت کے لیے محنت جاری رکھیں۔ یقین ہے کہ ملک سے مایوسی کے سائے چھٹ جائیں گے، پاکستان ترقی کرے گا۔
Comments are closed.