بدھ 5؍شوال المکرم 1444ھ26؍اپریل 2023ء

شہر میں ڈاکو راج: عوام کے جان و مال محفوظ نہیں، حافظ نعیم الرحمن

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  کہ شہر میں اس وقت ڈاکوؤں اور لٹیروں کا راج ہے۔ ڈکیتی اور چوری کرنے والے کھلے عام گھوم رہے ہیں۔ افسوس کے شہریوں کی جان و مال کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ سندھ حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے   گزشتہ روز کورنگی ڈھائی نمبر میں ڈکیتی کی واردات میں بائیک چھیننے کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 17سالہ نوجوان حذیفہ کے والد محمد شاکر اوربھائی شارق علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور تعزیت کی اورسندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے گزشتہ روز منوڑہ میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے انس کی جامع مسجد رشید یہ اللہ والا ٹاؤن کورنگی میں ہونے والی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی، مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی اور اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  ڈاکو اور چور جانتے ہیں کہ اگر انہیں پکڑ بھی لیا گیاتو چھوڑ دیاجائے گا۔ پولیس والے قاتلوں کو پکڑنے کے بجائے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو تنگ کرتے ہیں اور متاثرہ خاندان تھانے جانے سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  آئی جی سندھ بتائیں کہ شہید وں کے اہل خانہ کے ساتھ ایسا رویہ کیوں رکھا جاتا ہے، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو زرِ تلافی دیا جائے اور شہریوں کی جا ن و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

You might also like

Comments are closed.