منگل 27؍رمضان المبارک 1444ھ18؍اپریل2023ء

جاگیردار اور وڈیرے مردم شماری میں پھر سے شب خون مارنا چاہتے ہیں، حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری میں درست خانہ شماری نہیں ہوئی باقی سارے کام ہورہے ہیں، جاگیردار اور وڈیرے مردم شماری میں پھر سے شب خون مارنا چاہتے ہیں، یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کراچی سے نہیں بن سکتا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  ہمارا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ کراچی میں جو یہاں رہتا ہے اسے یہیں شمار کیا جائے جب کراچی کی درست نمائندگی ہوگی تو وسائل میں بھی کراچی کو زیادہ حصہ ملے گا، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   ویب پورٹل کا آغاز کردیا گیا ہے جن لوگوں کی خانہ شماری نہیں ہوئی یا مردم شماری کا عملہ نہیں آیا وہ اپنا اندراج کریں، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے اورنگی ٹاؤن کے عوام کے قومی شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کیا۔

انہوں نے کہا کہ   اورنگی ٹاؤن میں دو دو ہجرت کرنے والے لوگ موجود ہیں لیکن اورنگی ٹاؤن کا تباہ حال ہے، وڈیروں اور جاگیر داروں نے کرپشن کرکے عوام کے حقوق غصب کیے ہوئے ہیں، جاگیردار اور وڈیرے سن لیں ہم کراچی کو ان کی اوطاق نہیں بننے دیں گے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ  بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر بھر پور اعتماد کیا ہے جس پر ہم پورا اتریں گے ، چھینی گئی تمام نشستیں ہر صورت حاصل کریں گے، ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اورنگی اور کورنگی کے عوام 15جنوری کی طرح 7مئی کو بھی پیپلز پارٹی کو تاریخی شکست سے دوچار کریں گے، اللہ والا ٹاؤن اور اورنگی ٹائون گلشن بہار کے شہری 7 مئی کو زیاد سے زیادہ تعداد میں گھروں سے نکل کر ترازو پر مہر لگائیں۔

You might also like

Comments are closed.