لاہور:پی ٹی آئی چیئرمین و سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ اپنی حقیقی آزادی کے لیے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں، جیل بھرو تحریک کا مقصد میڈیا اورسماجی شخصیات پر حملوں اور ملک کو معاشی تباہی کے سپرد کرنے والے ٹولے کیخلاف ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جیل بھرو تحریک سے متعلق ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ تحریک ملک کو آزاد اور خوش حال پاکستان بنائے گی، پاکستان تب خوش حال ہو گا جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی۔
ان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جیل بھرو تحریک جہاد کا نام ہے، ایک آزادی کا نام ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ لوگ اس تحریک میں شرکت کریں گے اتنی جلدی ہم اپنے مقصد تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج سے حقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کی دو اہم وجوہات ہیں، یہ ہمارے آئینی ضمانت یافتہ بنیادی حقوق پر حملے کے خلاف پر امن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ تحریک بدمعاشوں کے ٹولے کی لائی گئی معاشی بدحالی کے خلاف ہے، بدمعاشوں کے ٹولے نے لوٹ مار کے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بدمعاشوں کے ٹولے نے عوام کو کچلتے ہوئے اپنے لیے این آر او حاصل کیے۔پی ٹی آئی چیئرمین و سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے بوجھ تلے دبایا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پر بیان میں عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک پرامن احتجاج ہے۔ ہمیں نیب کے مقدموں، زیرحراست تشدد اور جعلی ایف آئی آر ز کا سامنا ہے۔ یہ احتجاج اکے خلاف ہے جنہیں حملوں کا سامنا ہے۔یہ احتجاج ان آئینی خلاف ورزیوں اور میڈیا اور سماجی شخصیات پر حملوں کے خلاف ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک خود این آر او لے کرقوم کے اربوں روپے لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بجھوانے، متوسط طبقے کو مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے اور قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کرنے والے مجرموں کے ٹولے کیخلاف ہے۔
Comments are closed.