منگل 29رجب المرجب 1444ھ21؍فروری 2023ء

پرویز الٰہی نے ق لیگ چھوڑ دی، ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل

support

لاہور: چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ق چھوڑ کر تحریک انصاف میں ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کرلی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موقع فراہم کیا، اس پر ہم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔ ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی عمران خان کا ساتھ دیں گے۔

 

پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمارا اور ساتھیوں کا عمران خان کے ساتھ ہمیشہ رہے گا، ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک اور پنجاب کا فائدہ ہوگا، کبھی کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہماری پارٹی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اشارے کی وجہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تو یہ اچھی خبر ہے۔میری کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ عمران خان نے مرکزی صدر کا عہدہ دینے کی بات کی ہے اُس پر جلد کام مکمل کرلیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہیٰ کو پارٹی کا صدر بنایا جائے گا جس کی سینئر قیادت نے پارٹی آئین کے مطابق منظوری دے دی ہے۔پرویز الہی اور اُن کے ساتھی بشمول اراکین ہمیشہ عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے ہیں، جس کی انہیں قیمت بھی ادا کرنا پڑی۔

قبل ازیں پرویز الہیٰ نے زمان پارک میں ساتھیوں کے ساتھ عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسد عمر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی وہاں موجود تھے۔ اجلاس میں مشترکہ سیاسی صف بندی کے حوالے سے حتمی بات چیت بھی ہوئی۔

You might also like

Comments are closed.