ہفتہ 26؍رجب المرجب 1444ھ18؍فروری 2023ء

الیکشن کمیشن کا جوابی خط، صدر مملکت کے الفاظ پر اظہار افسوس

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کے خط کا جواب دے دیا گیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کی جانب سے لکھے گئے خط میں استعمال الفاظ پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی مشاورت کی دعوت دی تھی۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے جوابی خط میں الفاظ کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو آئین اور قانون پر عمل کرتا ہے۔

جوابی خط میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور من و عن عمل کرتا ہے۔ صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے میں بے حسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں۔ صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں لکھا کہ ادارہ اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔

ادارے نے صدر مملکت کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن ممبران اور اعلیٰ حکام ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ ایوان صدر میں اجلاس پیر کے روز دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.