اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں کراچی بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےکیس کی سماعت ہوئی، جس میں الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر تمام آر اوز (ریٹرننگ افسران) کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے کیس پر سماعت کے دوران جماعت اسلامی کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کے نتائج میں فرق ہے۔ حسن جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کے جوابات کا جائزہ لینے کا وقت دیا جائے۔ ثابت کریں گے کہ دھاندلی سے نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں یہ مقدمہ قابل سماعت ہی نہیں ہے۔ قانون کے مطابق امیدوار درخواست دے سکتا ہے کوئی دوسرا نہیں، جس پر الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے جوبا دیا کہ عام آدمی بھی شفاف انتخابات نہ ہونے پر درخواست دے سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولنگ کے بعد الیکشن کمیشن کا اختیار ختم ہو جاتا ہے۔ ریٹرننگ افسران کو نتائج جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے حتمی دلائل کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کر دی اور آئندہ سماعت پر تمام ریٹرننگ افسران کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed.