جمعرات 19؍جمادی الثانی 1444ھ12جنوری 2023ء

گندم کے وافر ذخائر ہیں، مصنوعی قلت پیدا کرنے پر کارروائی ہوگی، وزیراعظم

reduce

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو  اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود،کسی کو مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت آٹے کے 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً 1000 روپے کی کمی واقعہ ہوئی، جو خوش آئند ہے۔حکومت غریب عوام کے لیے آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس بدھ کے روز اسلام آباد میں ہوا، جس میں وزیرِ اعظم نے ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر کا جائزہ لیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور صوبوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ پاسکو کے ذخائر سے فلور ملز تک گندم کی ترسیل مزید تیز کی جائے۔

مزید برآں 1.3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمدی گندم کا اسٹاک بھی ملک میں پہنچ گیا ہے جب کہ جنوری کے آختتام تک مزید اتنا ہی اسٹاک پہنچ جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال سیزن کے اختتام پر گندم کے کیری فارورڈ اسٹاک 1.4 ملین میٹرک ٹن ہونگے جو کہ نیا سیزن شروع ہونے سے پہلے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے گندم کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کیا اور صوبوں کو ہدایت کی کہ گندم اور آٹے کی ترسیل کے حوالے سے اپنی گورننس بہتر کریں۔  اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں،ملک میں کسی کو گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے، صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنائیں،صوبے گندم اور آٹے کی بروقت ترسیل کیلئے اپنی گورننس بہتر بنائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ 5 دن میں حکومت کے اقدامات کی بدولت آٹے کے 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریبا 1000 روپے کی کمی واقعہ ہوئی، جو خوش آئند ہے۔ متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے آٹے اور گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کے لیے آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، متعلقہ وفاقی اعلی حکام اور صوبائی چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔

You might also like

Comments are closed.