بدھ 18؍جمادی الثانی 1444ھ11؍جنوری 2023ء

تین بڑی جماعتوں کے ہوتے ہوئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں، سراج الحق

became a tyrant

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، آج چترال سے کراچی تک لوگ آٹے کی قطاروں میں کھڑے ہیں تو حکمرانوں کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے، ٹرائیکا نے ہماری تہذیب، سماج، سیاست اور معیشت سمیت سب کچھ تباہ کر دیا۔

سراج الحق نے کہا کہ  پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا تو حکمران جماعتوں کے بیچ گالم گلوچ کا تبادلہ ہوا، قوم سڑکوں پر ہے، میرپور میں چند کلوآٹے کے لیے ایک پاکستانی شہید ہو گیا، وزیراعظم نے قیمتی گاڑیاں درآمد کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے، حکمرانوں کو گاڑیوں کی ضرورت ہے اور عوام کو روٹی کے نوالوں کی۔

دو روزہ سید مودودیؒ انٹرنیشنل کانفرنس کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ جنیوا کانفرنس میں چند ارب ڈالر ملنے پر حکمران خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں، صرف اعلانات ہوئے ہیں، رقم تین سالوں میں ملے گی، اس رقم کی بات چھوڑیں، وزیراعظم بتائیں کہ ان کی جانب سے جو ستر ارب سیلاب متاثرین کے لیے اعلان کیا گیا، وہ رقم کہاں گئی؟

انہوں نے کہاکہ حکمران سیلاب متاثرین کے لیے ایک گھر نہیں بنا سکے، ایک شخص کو بھی امداد نہیں پہنچی، جنیوا کانفرنس میں جس طرح کے اعلانات ہوئے ایسے اعلانات شرم الشیخ کانفرنس اور پاکستان سپورٹ فنڈ کے موقع پر بھی ہوئے۔ وزیراعظم اور وزیر خزانہ بیرونی امداد پر بغلیں بجا نے کی بجائے اقبال کا دیا گیا خودی کا درس پڑھیں۔

انھوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹ یونین پر پابندی سازش کے تحت لگائی گئی کیوں کہ جاگیردار اور سرمایہ دار نہیں چاہتے کہ تعلیمی اداروں سے اہل قیادت آگے آئے۔ حکمرانوں کے لیے اسلامی انقلاب کے نعرے لگانے والے نوجوان خطرہ ہیں۔ حکمران استعمار کے نمائندے ہیں، یہ ظاہری لڑائیوں میں مصروف ہیں، مگر جب عالمی دبائو آتا ہے تو ایک ہو جاتے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.