کراچی: شہر قائد میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت تاریخی اعلان کراچی جلسہ عام کل اتوار کو ہوگا، اس سلسلے میں باغ جناح میں تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
جماعت اسلامی کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں اتوار 8جنوری کو 2بجے دن باغ جناح کے وسیع و عریض گرائونڈ میں اعلان کراچی جلسہ عام منعقد ہو گا جس میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں مرد وخواتین ، بچے ، بزرگ ، نوجوان ، طلبہ و اساتذہ ، علما کرام ، تاجر بردری ،مزدور، وکلاء ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، سول سوسائٹی و اقلیتی کمیونٹی کے نمائندے اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواران شریک ہوں گے ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن جلسے سے خصوصی خطاب اور اعلان کراچی پیش کریں گے اور اہل کراچی کے تحفظ ، اختیار ، تعلیم و صحت ، روزگار اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے جماعت اسلامی کا واضح روڈ میپ اور لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔
باغ جناح میں رات گئے جلسہ عام کی تیاریاں و انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مردو خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں اور خواتین کے لیے گراؤنڈ میں علیحدہ حصہ مختص کیا گیا ہے ۔ امرا اضلاع اور مقامی ذمے داران کی قیادت میں شہر بھر سے قافلے ، ریلیوں کی صورت میں باغ جناح پہنچیں گے ۔
دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات و اعلان کراچی جلسہ عام کی تیاریوں اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ہفتہ کو ضلع ائیر پورٹ کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ عام میں بھر پور شرکت کریں اور اپنی فیملی و احباب کے ہمراہ باغ جناح پہنچیں ۔
انہوں نے کہا کہ اعلان کراچی جلسہ عام اہل کراچی کا ترجمان ہو گا ۔ جماعت اسلامی 3 کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق اور مسائل کے حل کی جدو جہد کر رہی ہے ۔ حقوق کراچی تحریک میں بلدیاتی انتخابات ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ عوام اپنے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے گھروں سے نکلیں ۔
ضلع ائیر پورٹ کے دورے میں حافظ نعیم الرحمن نے کورنگی یوسی نمبر 6ماڈل کالونی میں ریلی ، ملیر یوسی 9اور10جوہر پی آئی اے سوسائٹی ، بھٹائی آبادمیں ریلی و جلسے ،کورنگی یوسی 2,3اور4میں معززین علاقہ کے استقبالیے سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع ائیر پورٹ توفیق الدین صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے ۔
علاوہ ازیں جلسہ عام کی تیاریوں اور عوام کو شرکت کی دعوت کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں ، چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر متعدد کیمپ لگائے گئے ہیں ۔ جہاں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں کراچی میں کرائے گئے مثالی تعمیراتی اور ترقیاتی پروجیکٹ کی تفصیلات پر مشتمل ڈاکیومینٹری دکھائی جارہی ہے ۔
کیمپوں پر رات گئے تک گہما گہمی جاری رہی ۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور عوام کی جانب سے اعلان کراچی اور جماعت اسلامی کی کوششوں و جدو جہد کو بھر پور طریقے سے سراہا گیا ۔
جلسے کے لیے لوگوں کو جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا اور موبائل پبلیسٹی بھی کی جاتی رہی ۔ ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے جبکہ بڑی تعداد میں پوسٹرز اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں ۔
باغ جناح کے اطراف جماعت اسلامی کے جھنڈے اور حقوق کراچی تحریک کے مطالبات اور خیر مقدمی کلمات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز بھی لگائے گئے ہیں جبکہ گراؤنڈ میں کئی کنٹینروں پر مشتمل ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے ۔
پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور سوشل میڈیا کے لیے الگ الگ گیلریز بنائی گئی ہیں ۔دریں اثنا نیشنل لیبر فیڈریشن سمیت مزدور تنظیموں و ٹریڈ یونیز اور تاجر تنظیموں کی جانب سے اعلان کراچی جلسہ عام کی مکمل حمایت اور بھر پور شرکت کا اعلان کیا گیا ہے۔
Comments are closed.