اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کرانا عمران نیازی کی سازش تھی، ان کی کوشش تھی پاکستان کو کوئی عالمی گرانٹ نہ ملے، دس سال گزر جائیں یا بیس سال سچ سامنے آکر رہتا ہے، عمران خان کا کام دن رات جھوٹ بولنا ہے، توشہ خانہ کی گھڑی بیچی اور رسید بھی جعلی بنوائی گئی۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار وکابینہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کچھ معاملات پر گفتگو کرنا چاہتا ہوں، پچھلی حکومت نے نواز شریف اور ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے، الزامات کا مقصد نواز شریف اور مجھے پارٹی کو بدنام کرنا تھا، اصل کیس پناما کا تھا اور سزا اقامہ میں ہوئی، پناما میں نواز شریف کا دور دور نام نہیں تھا، نواز شریف پر گند اچھالا گیا، جسٹس شوکت صدیقی کا بیان بھی سب کے سامنے ہے، دس یا بیس سال گزر جائیں سچ سامنے آکر رہتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جھوٹی بات چھپ نہیں سکتی، برطانیہ میں بھی انویسٹی گیشن ہوئی اللہ نے ہمیں عزت دی، ڈیلی میل کی خبر بھی سب کے سامنے ہے، عمران نیازی، شہزاد اکبر کی ہارٹ لیس اپروچ تھی، انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ پاکستان کی بھی بدنامی ہوگی، ان کا مقصد شریف خاندان کو رسوا کرنا تھا، برطانیہ سے ملنے والی امداد کو شفاف طریقے سے خرچ کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی اخبار نے وضاحت دی کہ الزامات غلط ہیں، اس وضاحت کو 6 گھنٹے موخر کرایا گیا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے بہت گالم گلوچ کیا، اس کے نتیجے میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، ڈیلی میل کو قانون کے مطابق نوٹس دیا تھا، ڈیلی میل نے 3 سال لیت و لعل سے کام لیا پھر غیرمشروط معافی مانگی۔ 3 سال ڈیلی میل کو کس بات پر لگے؟ پہلے کہا گیا کورونا آگیا پھر کہا گیا ڈیوڈ روز چھٹی پر چلے گئے، ڈیلی میل نے بار بار کورونا کا بہانہ بنایا، برطانوی اخبار نے کہا ہم نے پاکستان جانا ہے، ڈیلی میل نے یہ مجھ سے نہیں 22 کروڑ عوام سے معافی مانگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، نواز شریف اور میرے خلاف بغض میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، اللہ نے پاکستان پر کرم کیا، پاکستان کی عزت پر بہت بڑی کاری ضرب لگانے کی سازش کی گئی، فنانشل ٹائمز میں خبر لگی کہ شوکت خانم کے فنڈز کو سیاست پر خرچ کیا گیا، اس شخص نے مریم نواز کو والد کے سامنے گرفتار کروایا، مریم نواز کو بھی کلین چٹ مل گئی، اسی طرح زرداری کی بہن فریال کوعید کی رات کو گرفتار کرایا گیا، اس کی بہن مس ڈکلیئریشن کی مرتکب ہوئی اسے این آر او دلوایا، اس طرح انہوں نے پاکستان اور معیشت کو برباد کیا، جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو معیشت ہچکولے لے رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سچی بات بتاتا ہوں ہم نے آئی ایم ایف کے سامنے ایڑھیاں رگڑیں، آئی ایم ایف نے انگوٹھے لگوا کر پروگرام کو بحال کیا، پٹرول کی قیمتوں کوعمران خان نے مصنوعی طور پر روکا ہوا تھا آنے والی حکومت کے لیے عمران خان نے کانٹوں بھرا جال پھینکا، ہمیں سرمنڈواتے ہی اولے پڑے، مہنگائی کی وجہ سے اتحادی حکومت کو بڑی تکلیف ہوئی، ایک طرف ریاست، دوسری طرف سیاست تھی، ہم نے سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچایا، مہنگائی کا طوفان ہماری مجبوری تھی وسائل نہیں تھے، پاکستان کے موجودہ حالات کے سول اور مارشل لا ادوار سب ذمہ دار ہیں، جب قطر سے تین ڈالر پر گیس مل رہی تھی تب یہ لوگ ڈیلی میل کو پلندہ بھجوانے میں لگے تھے، سردیاں آچکیں ابھی متاثرین کے گھروں کو بنانا ہے، سمجھ نہیں آرہی کہ پیسے کہاں سے آئیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کیسز میں خود پراسیکویشن نے کہا کوئی ثبوت نہیں، سب جھوٹ اور فراڈ تھا، گزشتہ چار سال دن رات انتقامی کارروائیاں کی گئیں، کاش یہ آدھی قوت غریب عوام کو ریلیف دینے پر بھی لگا دیتے، ہم میں جتنی ہمت ہے ہیں ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں، سیلاب کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 70 ارب دیئے۔
Comments are closed.