لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط سےاسی بونوں کا وقت ختم ہونے والا ہے ان تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے سیاسی ،معاشی اور سماجی دہشت گردی مسلط کی ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ حکمران جماعتیں ناکام ، جاگیرداروں، وڈیروں ، ظالم سرمایہ داروں اور مافیا سے نجات کے لیے نوجوان کردار ادا کریں، حقیقی تبدیلی تب آئے گی جب یوتھ اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہو گی۔ حکمرانوں نے سبز باغ دکھا کر قوم کو اندھیروں میں رکھا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک کا ہر پانچواں شہری مہنگائی سے تنگ، ڈپریشن کا شکار ہے، بے روزگاری نے نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے یوتھ کو سب سے بڑا دھوکا دیا، پی ڈی ایم کی 14جماعتیں بھی آٹھ ماہ میں کوئی بہتری نہ لا سکیں۔ حکمران اشرافیہ استعمار کی وفادار ہیں، ملک کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف، خارجہ حکمت عملی امریکا کے کہنے پر تشکیل دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ استعمار کے وفاداروں نے ملکی وقار اور خودمختاری داﺅ پر لگا دی۔ بچہ بچہ مقروض، غربت، مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، جماعت اسلامی ملک بھر میں نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کے لیے منظم کر رہی ہے۔ الیکشن سے قبل یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی مکمل کی جائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ انتخابات میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دیں گے۔ نوجوان قرآن ہاتھ میں اٹھاکر انسانیت کو استعمار اور غلامی کی دلدل سے نکالے۔ قرآن و سنت کا نظام ہی انسانیت کے مسائل کا حل ہے۔ملک اس وقت آگے بڑھے گا جب یہاں اللہ کا نظام نافذ ہو گا۔ جماعت اسلامی کی تمام ترکوششوں کا محور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا تو ہم لوگوں کو انصاف دیں گے اور ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کریں گے۔ سرکاری زمینوں کو نوجوانوں میں تقسیم اور انھیں بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ سودی نظام کا خاتمہ کر یں گے، کشمیر کو بھارت کے قبضہ سے آزاد کرائیں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔
Comments are closed.