منگل 11؍جمادی الاول 1444ھ 6؍دسمبر 2022ء

الکیشن کمیشن کو عمران خان و دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت د یتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماوں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے ۔

 تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وفاقی وزرا فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن  کیس میں عدالت عظمی نے الیکشن کمیشن کو تینوں پی ٹی آئی رہنماں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ 

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف کارروائی سے نہیں، بلکہ  حتمی فیصلے سے روکا ہے۔ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماوں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے۔الیکشن کمیشن نے کیس میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کیے، تاہم  وہ پیش نہیں ہوتے۔ 

پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس چیف الیکشن کمشنر نے نہیں، کسی دوسرے افسر نے جاری کیا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایات کے ساتھ کیس نمٹا دیا۔ 

عدالت عظمی نے وضاحت کی کہ لاہور اور سندھ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو سماعت سے نہیں روکا۔ الیکشن کمیشن لاہور اور سندھ ہائی کورٹس کے فیصلے تک کیس میں کوئی حتمی فیصلہ جاری نہ کرے۔ 

سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹس میں زیر التوا درخواستوں پر سماعت جلد مکمل کی جائے۔کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی  بینچ نے کی۔

…………………………………

You might also like

Comments are closed.