پیر11؍ربیع الثانی 1444ھ7؍نومبر2022ء

عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج

لاہور / راولپنڈی: عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کرلیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں گرفتار شخص نوید کو باقاعدہ ملزم نامزد کیا گیا جبکہ قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا، جسے 8 نومبر کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے بعد ایف آئی آر کو عام کیا جائے گا۔مقدمے کے اندراج کے بعد کل ہی مرکزی ملزم نوید کی باقاعدہ گرفتاری ڈال دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ملزم نوید اس وقت سی ٹی ڈی کی حراست میں لاہور کے ایک سیل میں موجود ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کا واقعہ جمعرات کے روز لانگ مارچ کے دوران پیش آیا تھا جب کہ  واقعے کا مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر آج 4 دن کے بعد درج کیا گیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.