پیر4؍ربیع الثانی 1444ھ31؍اکتوبر 2022ء

فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے، نہ فیس سیونگ دینی ہے، نواز شریف کی ہدایت

عوام کو نااہل حکمرانوں سے نجات دلائیں گے، نوازشریف

لندن: سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مطالبات ماننے سے منع کردیا۔

پیر کو اپنی ٹوئٹ میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ 10 لاکھ لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک 2000 بندے اکٹھے نہیں کر سکا۔عوام کی لا تعلقی کی وجہ وہ شر انگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھا قوم کے سامنے آ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نے ایک کے بعد ایک جھوٹ اتنی بے دردی اور ڈھٹائی سے بولا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراً اپنی خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا ،جس کا جواب یہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا، اسی لیے اس کا سارا زور حسبِ عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں نے شہباز شریف سے کہہ دیا ہے یہ2 ہزارکا جتھہ لے آئے یا 20 ہزار کا، نہ اس فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے نہ ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے، جس کے لیے یہ بیتاب ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ عمران خان کی قیادت میں 28 اکتوبر سے جاری ہے اور اب تک گوجرانوالہ پہنچا ہے۔

You might also like

Comments are closed.