پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ کا آغاز ہوگیا،عمران خان مارچ کی قیادت کے لبرٹی چوک پہنچ گئے،مارچ کا مقصد جلد از جلد عام انتخابات کا انعقاد کروانا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے لیے پی ٹی آئی کے کارکن لبرٹی چوک لاہور پہنچنا شروع ہوگئے، پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کے پہلے دن کو مقتول صحافی ارشد شریف کے نام کیا گیا ہے ۔ عمران اور ان کی پارٹی نے لانگ مارچ کو حقیقی آزادی مارچ کا نام دیا ہے۔
لبرٹی چوک پر آزادی مارچ کے آغاز پر کارکنو ں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج میں اپنے 26 سالہ جدوجہد میں اہم سفر شروع کرنے جارہا ہوں،انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام پر مہنگائی مسلط کردی ہے،قوم کو غلام بنایا جارہا ہے،مگر قوم غلامی قبول نہیں کرے گی۔
لانگ مارچ سے شرکاء سے خطاب کے موقع پر عمران خان نے کارکنوں سے حلف لیا کہ وہ پاکستان کے آئین کی پاسداری کریں گے، پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ کریں گے،ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکیں گے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو مارا جارہا ہے،رات تین بجے کارکنوں کو گھروں سے اٹھایا گیا،میں عدلیہ سے کہتا ہوں کہ ہم قانون کے دائرے میں رہ کر تحریک چلائیں گے اورسپریم کورٹ نے جو علاقے متعین کیے ہیں انہیں علاقوں میں جائیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کے داخلی راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کردیا ہے ،مارچ کے لیے اسلام آباد کے اطراف میں 13,086 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ صوبہ سندھ کے 8,000 نیم فوجی اہلکار اور 1,022 پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر ہوں گے۔علاوہ ازیں اسلام آباد کی متعدد شاہراہوں اور اہم عوامی مقامات کو بھی شپنگ کنٹینرز سے سیل کر دیا گیا۔
Comments are closed.