جمعہ یکم ربیع الثانی 1444ھ28؍اکتوبر 2022ء

ملک کے فیصلے لندن سے نہیں ہوں گے، عوام خود کریں گے، عمران خان

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا کہ حقیقی آزادی کا سفر شروع کریں،اس ملک کے فیصلے باہرلندن میں بیٹھے لوگ نہیں بلکہ پاکستان کی عوام کریں گے۔

لاہور میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کو ظلم اور ناانصافی سے بچانا چاہتاہوں،پوری قوم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ جب میں ناانصافی کا نام لیتا ہوں تو اعظم سواتی کا نام لوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم کوئی قانون نہیں توڑیں گے نہ ریڈ زون میں داخل ہوں گے۔ ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق چلے۔25مئی کے جمہوری حق کا تحفظ نہیں کیا گیا،ہم پر تشدد کیاگیا۔عدالتوں سے ادب سے گزارش ہے کہ اس بار بھی ہم پر امن رہیں گے،نوجوانوں نے کسی قسم کا انتشار نہیں ہونے دینا۔پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔

لبرٹی چوک پر چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کنٹینر پر پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی ، اسد عمر ، شہباز گل، شفقت محمود، محمود الرشید اور دیگر بھی موجود تھے۔ مارچ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔پی ٹی آئی سینیٹرفیصل جاوید کی جانب سے آزادی مارچ کے لیے نعرے لگائے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپنی 26سالہ سیاست کی جدوجہد میں اہم سفر شروع کررہاہوں۔جیسا سفر عظیم رہنما قائد اعظم نے شروع کیاتھا، اب وقت آگیا کہ حقیقی آزادی کا سفر شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو میرا پیغام ہے کہ میرا مارچ ملکی سیاست یا ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کو آزاد ملک دینا ہے۔میں پورے ملک کو آزاد دیکھنا چاہتاہوں۔اس ملک کے فیصلے باہرلندن میں بیٹھے لوگ نہیں بلکہ پاکستان کی عوام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کسی اور کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے حکم نہ دے۔ہمیں نہ یہ حکم دے کہ بھارت روس سے سستا تیل لے رہا ہے لیکن پاکستان کو اجازت نہیں۔میں ایک آزاد ملک دیکھنا چاہتاہوں۔ جہاں لوگ آزاد ہوں، میں اپنے لوگوں کو ظلم اور ناانصافی سے بچانا چاہتاہوں۔ چوروں کی حکومت ہم پرمسلط کی گئی۔چور اور ڈاکو اپنے 1100ارب روپے کے کیسز معاف کرارہے ہیں۔تماشا لگایا ہوا ہے۔اگر ان کے سہولت کار سمجھتے ہیں کہ ہم ان چوروں کو قبول کر لیں گے تو وہ سن لیں کہ پوری قوم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی امپورٹڈ حکومت نے کی۔ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے جن علاقوں میں احتجاج کی اجازت دی وہیں کریں گے۔ہم کوئی قانون نہیں توڑیں گے نہ ریڈ زون میں داخل ہوں گے،ہم ہمیشہ 26 سال آئین و قانون کے مطابق چلے،ہمارے پر امن احتجاج ہوں گے۔آج دیکھیں کہ حقیقی آزادی مارچ میں کثیر تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ کسی قسم کا انتشار نہیں ہونے دینا۔ پاکستان تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ اس لیے چاہتا ہوں کہ ہم اپنا سفر کا آغاز کریں۔جلسے کے دوران پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان و دیگر کے ہمراہ شرکا سے حلف لیا۔

You might also like

Comments are closed.