لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی گھناؤنی اور بے حس سوشل میڈیا مہم میں تحریک انصاف ملوث نکلی، تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ میں چشم کشا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گھناؤنی سازش کے اس سارے کھیل میں تحریک انصاف نے بھارت سے بھی مدد لی اور فوج کے خلاف مہم چلانے میں بھارتی اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے ہیں۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق شہداء لسبیلہ کے خلاف گھناؤنی اور بے حس سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کے دوران چشم کشاہ انکشافات سامنے آئے ہیں،اس گھناؤنے کھیل میں تحریک انصاف کے کارکن ملوث نکلے جنہوں نے اس پوری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق شہداء لسبیلہ کے خلاف گھنائونی سازش میں تحریک انصافکے سینکڑوں کی تعداد میں سپوٹرز نے اداروں کے خلاف مہم چلائی،اس غیر اخلاقی سازش سے اداروں، شہداء اور شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی،اس مہم میں کچھ بھارتی اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے،یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی جب پوری قوم سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث ہونے والی شہادتوں پر غمزدہ تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے ملک سے باہر بیٹھے کارکنوں نے اس گھنائونی مہم کو بھر پورسپورٹ کیا جس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کے امیج کو نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے اندر سے سینکڑوں اکائونٹ ٹریس کر لئے گئے ہیں جن کو اس گھنائونی کھیل میں بیرون ملک بیٹھے تحریک انصاف کے کارکنوں کی سپورٹ حاصل تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کر دی گئی ہے جبکہ بیرون ملک بیٹھے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،گھنائونی سازش میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس ثبوت بھی اکٹھے کئے جارہے ہیں ،گھنائونے کھیل میں ملوث ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اوران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔
Comments are closed.