اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 0.571 روپے اضافے اور آر ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس کو ادائیگیوں کی مد میں 17 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز( بدھ )کو وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وزیر مملکت خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں وزارت توانائی کی طرف سے بجلی کے شعبے کے لیے ٹیرف کو معقول بنانے سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل الیکٹریسٹی پالیسی 2021ء کے مطابق حکومت کے۔الیکٹرک اور دیگر سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف برقرار رکھے گی۔ اسی کے تسلسل میں کے۔الیکٹرک کے لیے ٹیرف کو معقول بنانا ضروری ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 ماہ کی ریکوری مدت کے لیے کے۔الیکٹرک کے لیے فی یونٹ 0.571 روپے اضافے کی منظوری دے دی۔ مزید برآں نیپرا اکتوبر تا دسمبر 2021ء کی سہ ماہی کے لیے نظرثانی شدہ ٹیرف شیڈول جاری کرے گی۔
Comments are closed.