بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لگتا ہے بجٹ کے بعد امپورٹڈ حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں ختم ہوجائے گی، عمران خان

imported government

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لگتا ہے بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں ختم ہوجائے گی، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ طاقتور حلقے بھی سیاسی معاشی بحران سے پریشان ہیں، موجودہ سیاسی عدم استحکام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ کروں گا، کوئی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہوگیا۔

عمران خان سے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے ملاقات کی، جس میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں میں بھی اہم تعیناتیاں کی جارہی ہیں، پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر تقررتبادلے ہو رہے ہیں، اہم تعیناتیوں اور تقرر وتبادلوں کا واحد مقصد الیکشن میں دھاندلی کی تیاری ہے۔ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور اہم مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

ان کاکہنا تھاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ کروں گا، کوئی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہوگیا،امپورٹڈ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہی ہے۔آنے والے دنوں میں اسلام آباد کا رخ کروں گا، عام انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ہم نے بڑی تعداد میں لوگوں کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے۔ حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جولائی سے کمرتوڑ مہنگائی کا عوام سامنا کیسے کریں گے، بجٹ سے لگتا ہے کہ حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں جہاز سے چھلانگ لگا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے پاس دو ہی راستے تھے ، طاقتور حلقوں سے معافی مانگ کر پاؤں پکڑتا یا پھر عوام کے پاس چلا جاتا،میں نے دوسرا راستہ اپنایا اور عوام کے پاس چلا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ اب لگ رہا ہے کہ سیاسی معاشی بحران سے پریشان تمام حلقے موجودہ صورتحال سے نکلنے کا سوچ رہے ہیں، ملک کو موجودہ حالات کا سامنا کرنے کیلئے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے،مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے سامنے آسکتی ہے۔

You might also like

Comments are closed.