کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے موثر اور توانا آواز اٹھائی ہے، جماعت اسلامی اہل کراچی کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا شہر کی بے لوث خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے، جماعت اسلامی ہی کراچی کا روشن مستقبل ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام نے جس طرح سید عبد الرشید کو منتخب کیا اسی طرح آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، لیاری کے عوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے ایم پی اے سید عبد الرشید اختیارات نہ ہونے کے باوجود عوام کے مسائل حل کراتے ہیں اور کام کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں بھی لیاری سمیت دیگر علاقوں میں ساڑھے سات گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، جماعت اسلامی کے سوا کسی بھی پارٹی نے کے الیکٹرک کے خلاف آواز نہیں اٹھائی۔تمام حکمران پارٹیوں نے کے الیکٹرک کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے اس کی سرپرستی کی ہے اور اسی حکومتی حمایت کی وجہ سے کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو لوٹا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں کا قبضہ ہے۔ جاگیردار اور وڈیرہ شاہی طبقہ قیمتیں لگا کر ایم این ایز اور ایم پی ایز کو خریدتے ہیں۔ جماعت اسلامی وڈیرہ شاہی و جاگیرادارنہ نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول اور شہر میں با اختیار شہری حکومت کے قیام کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر 29 روز ہ تاریخی دھرنا دیا۔
Comments are closed.