اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس 2022 کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی بی اے و دیگر صحافتی تنظیموں نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو چیلنج کر رکھا تھا جبکہ پیکا کے سیکشن 20 کے تحت ایف آئی اے کے بے جا اختیارات کو بھی چیلنج کیا گیا تھا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محفوظ کیا۔
عدالت نے نماز جمعہ کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پیکا آرڈیننس 2022 کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا، عدالت نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کےخلاف پی ایف یوجے سمیت دیگر درخواستیں منظور کرلیں۔
عدالت نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا ہے کہ پیکا آرڈیننس کے تحت ہونے والی تمام کارروائیاں کالعدم قرار دی جاتی ہیں اور اس آرڈیننس سے متاثرہ افراد متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل سماعت کے دوران وکیل درخواست گزارعادل عزیز قاضی، ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ اور ڈائریکٹر ایف آئی اے بابر بخت قریشی بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ کوئی تو جواب دے، لوگوں کے حقوق پامال ہو رہے ہیں، ایف آئی اے نے عدالت کے سامنے ایس او پیز رکھے اور ان کو پامال بھی کیا گیا، آپ نے ایس او پیز کی پامالی کی اور کیسز میں سیکشن لگائے جو لگتے ہی نہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بابر بخت قریشی نے عدالت میں موقف اپنایا کہ قانون بنا ہوا ہے اس پر عملدرآمد کرنے کے لیے پریشر آتا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے کسی عام آدمی کے لیے ایکشن لیا، لاہور میں ایف آئی آر درج ہوئی اور اسلام آباد میں چھاپہ مارا گیا۔ ایف آئی اے ڈائریکٹر نے دلائل میں بتایا کہ ہم ایف آئی آر سے قبل بھی گرفتاری ڈال دیتے ہیں اور پھر اس سے برآمدگی پر ایف آئی آر درج کرتے ہیں۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ آپ کیسے گرفتار کر سکتے ہیں اور کس قانون کے مطابق گرفتاری ڈال سکتے ہیں، آپ اپنے عمل پر پشیماں تک نہیں اور دلائل دے رہے ہیں، کسی کا تو احتساب ہونا ہے، کون ذمہ دار ہے، جرنلسٹس کی نگرانی کی جا رہی ہے، یہ ایف آئی اے کا کام ہے کیا؟
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ بلال غوری کے علاوہ باقی سب کی انکوائری مکمل ہو چکی ہے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بلال غوری نے وی لاگ کیا تھا اور کتاب کا حوالہ دیا تھا، کاروائی کیسے بنتی ہے؟ ملک میں کتنی دفعہ مارشل لا لگا ہے، یہ تاریخ ہے کل لوگ باتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت مکمل ہونے پر آج صبح فیصلہ کیا تھا، عدالت نے فیصلے میں قانون کو کالعدم قرار دیا ہے۔
Comments are closed.