کیا اظہر علی ون ڈے گیم پلان کا حصہ نہیں تھے؟

کیا اظہر علی ون ڈے گیم پلان کا حصہ نہیں تھے؟

November 01, 2018 - 20:36
Posted in:

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اظہر علی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔جمعرات کو جب سوشل میڈیا پر یہ خبر آئی کہ اظہر علی ایک پریس کانفرنس میں کوئی بڑا اعلان کرنے والے ہیں تو یہ بات تقریباً واضح ہوچکی تھی کہ یہ اعلان ون ڈے انٹرنیشنل کو خیرباد کہنے سے متعلق ہوگا۔اظہر علی اس سال نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد وہ ون ڈے ٹیم میں جگہ کھو چکے تھے جس کی ایک بنیادی وجہ یہ تھی کہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھ کر ہیڈ کوچ مکی آرتھر جو منصوبہ بندی کر رہے ہیں اظہرعلی اس گیم پلان کا حصہ نہیں ہیں۔اظہر علی پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں کیا مقام رکھتے ہیں اس بارے میں کسی کو بھی کسی قسم کا شک وشبہ نہیں ہے۔ وہ اس وقت بھی پاکستانی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے جب یونس خان اور مصباح الحق جیسے ستون پاکستانی بیٹنگ لائن کو اٹھائے ہوئے تھے اور جب یہ دونوں کرکٹ کے میدان سے رخصت ہوئے تو اس کے بعد بھی اظہر علی اور اسد شفیق پہلے کی طرح اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں لیکن یہ دونوں بیٹسیمن محدود اوورز کی کرکٹ کے آئیڈیل بیٹسمین نہیں رہے ہیں۔

کپتانی اظہر علی سے سرفراز احمد کو منتقل کیے جانے کے بعد اظہر علی کے لیے سب سے بڑا چیلنج ون ڈے میں اپنی جگہ برقرار رکھنا تھا۔ انھوں نے عصر حاضر کے تقاضوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی بیٹنگ کے انداز کو تبدیل کرنے کی کوشش کی اور چیمپئنز ٹرافی میں تین اچھی اننگز کھیلیں جن میں فائنل میں انڈیا کے خلاف ان کی نصف سنچری قابل ذکر تھی لیکن نیوزی لینڈ کے دورے نے ان کے ون ڈے مستقبل کا تعین کردیا جس میں وہ تین اننگز میں ڈبل فگرز میں آئے بغیر آؤٹ ہوئے تھے۔اظہر علی اس سال گھٹنے کی تکلیف کے سبب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بڑے سکور کے لیے تگ ودو کر رہے ہیں لیکن یہ بات سب کو معلوم ہے کہ ایک بڑی اننگز کے ذریعے وہ ایک بار پھر رنز بنانے کی معمول کی دوڑ میں لگ جائیں گے لیکن جہاں تک ون ڈے کا تعلق ہے تو وہ یہ دیکھ چکے کہ فخر زمان، امام الحق اور بابراعظم کی موجودگی میں ان کے لیے ون ڈے ٹیم میں واپسی ممکن نہیں ہے۔ویسے بھی محدود اوورز کی کرکٹ شور مچاتے سمندر کی طرح ہے، یہ سکون سے بہتا دریا نہیں ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہbody {direction:rtl;} a {display:none;}