مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک اندرونی ہے ، بیرسٹر سلطان محمود

مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک اندرونی ہے ، بیرسٹر سلطان محمود

October 31, 2018 - 03:05
Posted in:

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کشمیریوں کی خالص اپنی اندرونی تحریک ہے جسے بھارت اپنی افواج کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی کے باوجود دبا نہیں پا رہا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ ،آئر لینڈ اور یورپ میں 27 اکتوبر کے حوالے سے منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں اور مظاہروں کے آخری روز برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے ہونے والے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو کشمیر پیس فورم کے زیراہتمام بارش اور سردی کے باوجود بڑی تعداد میں جمع ہوئے تھے ۔بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہےجبکہ آزادی مانگنے والوں پر جارحانہ تشدد کے ساتھ پیلٹ گن کے استعمال کے ذریعے ان کی بینائی چھینی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں برسلز میں یورپین کمیشن بھی ہے اور یورپین پارلیمنٹ بھی ۔ وہ ان تمام اداروں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکیں ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ پہلے بھارت الزام عائد کرتا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک ان کی نہیں بلکہ اسے غیر ملکی قوتیں چلا رہی ہیںلیکن آج بھارت کے اپنے لوگوں سمیت تمام دنیا اس بات کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکی ہے کہ یہ خالص کشمیریوں کی اپنی جمہوری تحریک ہے اور اب دنیا کی کوئی طاقت اس تحریک کو صرف طاقت کے زور پر نہیں دبا سکتی ۔ بیرسٹر سلطان نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس موقع پر مداخلت کرتے ہوئے اس مسئلے کو پر امن انداز سے حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ دو متحارب ایٹمی قوتوں کو جنگ سے روکا جا سکے ۔مظاہرے سے کشمیر پیس فورم کے سربراہ چوہدری نصیر احمد ، زاہد ہاشمی، عامر نعیم ،شکیل گوہراور دیگر نے خطاب کیا ۔ بعد ازاں سفارت خانے کو ایک یاد داشت بھی پیش کی گئی ۔ آخر میں سید حسنات احمد بخاری نے دعا کرائی ۔بشکریہ جنگbody {direction:rtl;} a {display:none;}