|
اسلام آباد…سینیٹ کے اجلاس میں آج ارکان کے ساتھ ساتھ وزرا کی حاضری سے عدم دلچسپی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔چیئرمین سینیٹ اس کیخلاف رولنگ دینے پر مجبور ہوگئے اور انہوں نے دو متعلقہ وزرا اور وفاقی سیکریٹری کو آج اپنے چیمبر میں طلب کرلیا ہے ۔آج سینیٹ اجلاس کے آغاز پر ایوان میں ارکان کی بہت کم تعداد موجود تھی جبکہ کوئی وزیر بھی نہیں آیا تھا۔ صفدر عباسی نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزرا سینیٹ کے اجلاس میں نہیں آتے ، اس پر چیئرمین فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اجلاس میں وزرا کے ساتھ ممبران بھی نہیں آتے ، انہوں نے قائد ایوان نیربخاری اور وفاقی وزیر خورشید شاہ کو رولنگ میں ہدایت کی کہ جو وزرا نہیں آتے اس سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے۔ فاروق نائیک نے کہا کہ عوام کا پیسہ ضایع ہو رہا ہے، وزیر اعظم اس کا نوٹس لیں اور جو وزرا نہیں آسکتے انہیں کم از کم48 گھنٹے قبل نوٹس دینا چاہئے۔آج سینیٹ میں قائد ایوان نے خصوصی اقتصادی زون کے قیام کا بل2010 سینیٹ میں پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔
|