لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیلاب اور بارشوں کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کیا ہے اورسیلاب کے بارے میں لمحہ لمحہ رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے متعلقہ محکمے پوری طرح چوکس رہیں۔صوبائی وزرا اور سیکریٹری متاثرہ علاقوں کے دورے کریں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔انھوں نے سیلاب میں جانی نقصان پر امدادی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر تین لاکھ کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سانپ کے کاٹے اور دیگر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اورمتاثرہ علاقوں میں پولیس کے ساتھ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کو بھی متحرک کیا جائے۔