لاہور…این اے89 جھنگ سے مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی وقاص اکرم کی ڈگری کو بھی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ این اے89کے ووٹرحافظ خالد کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وقاص اکرم انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں فیل ہوگئے تھے اور انہوں نے ایف اے اوربی اے کی جعلی اسناد حاصل کرکے الیکشن میں حصہ لیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ وقاص اکرم آئین کے آرٹیکل باسٹھ، تریسٹھ کے تحت رکن قومی اسمبلی کی اہلیت پر پورانہیں اترتے اورانہیں نااہل قرار دیاجائے۔عدالت نے وقاص اکرم سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔