لاہور…پاکستان ریلوے نے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس پر خصوصی ٹرینیں چلانے سے معذرت کرلی ہے اورلاہور ہائی کورٹ کوآگاہ کیاہے کہ خصوصی ٹرینیں چلانے کیلئے محکمے کے پاس پیسے نہیں۔ریلوے حکام کی طرف سے یہ تحریری جواب حضرت لعل شہبازقلندر کے عرس کے موقع پر خصوصی ٹرینیں نہ چلانے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیاگیا۔ریلوے حکام نے یہ اعتراض اٹھایاکہ لاہور ہائی کورٹ کو اس نوعیت کے معاملے کی سماعت کااختیارحاصل نہیں ۔اس پر چیف جسٹس نے سخت نوٹس لیتے ہوئے قراردیا کہ جہاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی وہاں عدالت مداخلت کرے گی۔ریلوے حکام نے بتایاکہ عرس کے موقع پر عام ٹرینوں میں خصوصی بوگیاں لگائی جاسکتی ہیں تاہم چیف جسٹس نے حکم دیاکہ محکمہ زائرین کوتمام سفری سہولتیں فراہم کرے،اگر ایسانہ کیاتو ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔