سوات…سوات اور شانگلہ میں سیلاب سے تقریباً150افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ شانگلہ میں پھنسے 20چینی باشندوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ سیکڑوں افراد کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ننگولئی میں دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے ۔جبکہ مینگورہ کے علاقے لنڈیکر میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔جنرل آپریشنل کمانڈر میجر جنرل اشفاق ندیم کے مطابق سیلاب سے سوات میں50 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ3 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔ پچیس سے زاید رابطہ پل بہہ جانے سے تحصیل کبل، مٹہ، بری کوٹ، چار باغ، خوازہ خیلہ، بحرین اور بابوزئی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ضلع شانگلہ میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کاقیمتی سامان ضائع ہوگیاہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کی بروقت امداد نہیں کی گئی اور ابھی تک حکومت کی جانب سے کسی امداد کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔شانگلہ میں پانی میں پھنسے ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر کام کرنیوالے 20 چینی باشندوں کو با حفاظت نکال لیا گیا۔ادھر سوات میڈیا سینٹر کے مطابق مدین ،بحرین اور کالام میں پھنسے ڈھائی ہزار افراد کو نکالا جا رہا ہے۔