اسلام آباد…سپریم کورٹ نے بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی ظہور کھوسہ کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا ہے ، عدالت نے مسلم لیگ نون کے نااہل ایم این اے مدثر قیوم ناہرا کی اپیل بھی مسترد کردی ہے جبکہ بلوچستان کے ایک وزیر محمد سرور کا انتخابی اور تعلیمی ریکارڈ تصدیق کیلئے بھیج دیا ہے۔پی بی26 سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہونیوالے ظہور حسین کھوسہ کی تعلیمی اہلیت کو ان کے سیاسی مخالف عبدالرحمن جمالی نے چیلنج کیا تھا۔ مقدمہ کی سماعت چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے ظہورحسین کھوسہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ غلط بیان حلفی دینے پر نااہل ایم پی اے کیخلاف فوجداری قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے اور خالی نشست پر ضمنی الیکشن کرائے جائیں ، عدالت نے بلوچستان کے وزیر محنت محمد سرور کی تعلیمی اہلیت کیخلاف دائر ایک درخواست کی سماعت کی اور صوبائی وزیر کا انتخابی اور تعلیمی ریکارڈ تصدیق کیلئے متعلقہ اداروں کو بھیج دیا ۔ مقدمہ کی مزید سماعت تیرہ اگست تک ملتوی کردی گئی ، اسی بنچ نے گوجرانوالہ سے مسلم لیگ نون کے نااہل ایم این اے مدثر قیوم ناہرا کی وہ اپیل بھی خارج کردی جو انہوں نے ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف دائر کی تھی ، ٹربیونل نے انہیں جعلی اسناد پر نااہل قرار دیا تھا۔