لندن… فارن ڈیسک…پاکستان، بھارت، تھائی لینڈ، نائجیریا اور گھانا میں برطانوی بچوں کے اغوا میں39 فی صد اضافہ ہو گیا ہے، اپریل 2009سے مارچ2010 کے درمیان برطانوی بچوں کے دیگر ممالک میں اغوا کے دو سو سے زائد مقدمات کا اندراج کیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘کے مطابق یہ بچے ان ممالک میں اغوا کیے گئے جو ہیگ کنونشن1980سے توثیق شدہ نہیں ہیں چناں چہ ان ممالک سے بچوں کی بازیابی میں والدین کو انتہائی مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان ممالک میں خاص طور پر پاکستان اوربھارت شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق غیر ملکی اور تارکین وطن کے بچوں کا اپنے آبائی ملک میں اغوا موسم سرما میں انتہا پر ہوتا ہے کیوں کہ برطانیہ میں رہائش پزیر دیگر ممالک کے والدین اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے ممالک کا رخ کرتے ہیں جہاں یہ واقعات رونما ہوتے ہیں۔ ماں کی مرضی کے بغیر اکثر باپ اپنے بچے کو اپنے وطن لے جاتے ہیں۔برطانوی قانون کے مطابق یہ جرم ہے۔ بچے کو کسی جگہ بھی لے جانے کے لیے دونوں میاں بیوی کی رضامندی ہو نی چاہیے یا عدالت سے اجازت لینی ضروری ہے۔