مظفر آباد…مظفر آباد کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم اور منگلا ڈیم میں تیزی سے بلند ہو رہی ہے جس سے منگلا کے قریبی دیہات کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ ڈپٹی کمشنرمیر پور آزاد کشمیر چوہدری محمد طیب کے مطابق منگلاڈیم میں پانی کی سطح1206 فٹ سے بلند ہوگئی ہے۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے سے ملحقہ آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔نہر اپر جہلم کے قریب درجنوں دیہات ممکنہ سیلاب کی زد میں ہیں ۔دودیہات میں لوگ سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکو ٹیم ،شہری دفاع اور آرمی اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کا کہا ہے کہ اگر منگلا ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلند ہوئی توخدشہ ہے ڈیم سے ملحقہ کئی دیہات کا ملک بھرسے زمینی رابطہ منقطع ہوجائے گا۔ادھروادی نیلم سے آنے والا سیلابی ریلا مظفرآباد کے مقام پر دریائے جہلم میں داخل ہواجس کے بعد دریائے نیلم میں پانی کی سطح بتدریج کم اور منگلا ڈیم میں مسلسل بلند ہورہی ہے ۔مظفرآباد میں گاؤں ہوتھلہ میں لینڈ سلائڈنگ کے سبب کئی مکانات خالی کرالیے گئے ہیں ۔ چڑق پورہ کے مقام پر لینڈ سلائڈنگ کی زد میں بیس مکانات کے متاثرین کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیاگیا۔مظفر آباد میں سیلابی پانی اترنے کے بعد نشیبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہونیوالی مالی نقصانات کا اندازہ لگا یا جا رہا ہے ،جبکہ متاثرین کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔