اسلام آباد…اسلام آباد میں ایئربلو کے طیارے کو پیش آنے والے المناک حادثے کے تیسرے دن موسم بہتر ہوگیا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی طرف سے جائے حادثہ پر تحقیقات اور سرچ آپریشن کا عمل آج بھی جاری ہے ۔طیارے کے حادثے کی تحقیقات کرنے کیلئے ایئرکموڈور خواجہ عبدالمجید کی سربراہی میں قائم سات رکنی کمیٹی مارگلہ کی پہاڑیوں پر تحقیقات کے عمل اور بلیک باکس کی تلاش میں مصروف رہی۔ ٹیم نے پولیس کی مدد سے جائے حادثہ کے اس علاقے کو بند کردیا ہے جہاں بدقسمت طیارے کا زیادہ تر ملبہ پڑا ہے۔ اس کے ساتھ فوج ، سی ڈی اے اور دیگر امدادی اداروں کے اہل کار بھی ، جاں بحق مسافروں اور طیارے کی باقیات کی تلاش میں مصروف رہے ۔ ذرائع کے مطابق طیارے کا بلیک باکس ڈھونڈنے کو ترجیح دی جارہی جس کے بعد اس کا موازنہ ، حادثہ کا شکار طیارے کے پائلٹ کی ایئرپورٹ کنٹرول ٹاور کے ساتھ گفتگو سے کیا جائیگا ، اس کے نتیجہ میں طیارے کے حادثے کی وجوہات کا حتمی تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
|