| کراچی( پ ر) اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو کے ترجمان نے مورخہ 28جولائی کو شائع خبر کو حقائق اور سچائی کے برخلاف قرار دیکر مذکورہ رپورٹ کی اشاعت کو انہیں بدنام کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور صوبہ سندھ سے چھ مرتبہ منتخب ہونے والے نثار احمد کھوڑو کے بارے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں انہیں ” پانی چوری “ کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مسٹر نثار احمد کھوڑو سندھ کے ہزاروں آباد گاروں کی طرح Tail- ender یا پوچھڑی کے آباد گار ہیں جن کی زمینوں کو پانی سب سے آخر میں ملنا ہوتا ہے۔ منطقی اور سائنسی طور پر سندھ میں کوئی بھی ٹیل کا زمیندار ” پانی چوری“ کا مرتکب ہو ہی نہیں سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ اخبارات کے فرائض منصبی میں یہ بات شامل ہونی چاہئے تھی کہ وہ مسٹر نثار احمد کھوڑو سے براہ راست یا سندھ اری گیشن ڈیپارٹمنٹ سے اصل حقائق معلوم کرتے کہ کسی بھی کینال کی آخر میں موجود زمیندار پانی کی ” چوری“ میں ملوث ہو سکتا ہے یا نہیں؟ ترجمان نے کہا کہ مسٹر نثار احمد کھوڑو یا ان کی فیملی کی جانب سے گزشتہ چالیس برسوں میں اضافی زرعی پانی، اضافی کینال یا براہ راست آؤٹ لیٹ حاصل کیا گیا نہ ہی کوئی عرضی دی گئی اور نہ ہی ایسے کسی بھی ” غیر قانونی “ سسٹم سے وہ فیض یاب ہوئے ہیں۔ |
|