| کراچی (احسن چوہدری) پی آئی اے انتظامیہ نے 60 سال سے زائد عمر کو پہنچ کر ادارے سے ریٹائر ہونے والے پائلٹوں کو دوبارہ کنٹریکٹ پر رکھنے کا باقاعدہ ایڈمن آرڈر جاری کردیا ہے۔ ایڈمن آرڈر 26/2010 جو 27 جولائی 2010ء کو جاری کیا گیا ہے، میں کاک پٹ کریو کی عمر کی حد میں توسیع کی گئی ہے جس کے تحت 60 سال کی عمر پر ریٹائر ہونے والے کاک پٹ کریو کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر دوبارہ ائرلائن میں ملازم رکھا جائے گا۔ کنٹریکٹ کی زیادہ سے زیادہ حد دو سال ہوگی یعنی پائلٹ ریٹائرمنٹ کے بعد مزید دو سال تک پی آئی اے میں ملازمت کرسکے گا۔ کنٹریکٹ پر ری ہائرنگ کی منظوری پی آئی اے کے حالیہ بورڈ کے اجلاس میں دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ بدھ کو پیش آنے والے ائربلیو طیارے کے حادثے کے بعد پائلٹوں کی عمر کی حد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ 60 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد پائلٹوں کو ری ہائر کرنا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ عمر رسیدہ پائلٹ زیادہ ذہنی دباؤ اور تھکاوٹ کا شکار ہوسکتا ہے اور ایوی ایشن ماہرین کی پہلے ہی یہ رائے ہے کہ دنیا میں طیارے کے 90 فیصد حادثات پائلٹ کی غلطی سے ہوتے ہیں۔ |
|